1

حکومت کرونا روک تھام کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے، اعجاز احمد شاہ

ننکانہ صاحب (نیوز ڈیسک) وفاقی وزیر دا خلہ اعجاز احمد شاہ نے کہا ہے کہ حکومت کرونا وائرس کی روک تھام کے لئے ہر ممکن اقدامات کر رہی
ہے،وزیر اعظم عمران خان خود ساری صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں،عوام کے بھرپور تعاون کے بغیر کرونا وائرس کے خلاف جنگ جیتی نہیں جا سکتی،لوگ احتیاطی تدابیر اپنا کر نہ صرف اپنے آپ کو بلکہ دوسروں کی زندگیوں کو محفوظ بنا سکتے ہیں،اپنے پیغام میں وفاقی وزیر نے کہا کہ کرونا وائرس دنیا بھر میں پھیل چکا ہے،الحمد اللہ پاکستان میں صوتحال کئی ممالک سے بہتر ہے جس کو مزید بہتر بنانے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی کوشش تھی کہ ہم جزوی لاک ڈائون کے بغیر حالات پر قابو پالیں مگر عوام کی بھلائی کی خاطر ایسا اہم فیصلہ کرنا پڑاکیونکہ ہماری عوام میںاکثریت ابھی بھی صورتحال کی سنگینی کو بھانپ نہیں پارہی۔ ایسے وقت میں اپنی اور اپنے خاندان کی حفاظت کیلئے ہم سب کو زیادہ سے زیادہ وقت اپنے گھروں میں گزارنا ہوگا تاکہ وائرس سے محفوظ رہا جا سکے۔ ہمارے ڈاکٹرز، نرسز اور دیگر پیرا میڈیکل سٹاف خطِ اول پر کرونا کے خلاف جہاد کر رہے ہیں، کرونا وائرس کے خلاف جنگ پاکستان کے بقا کی جنگ ہے۔انہوں نے لوگوں سے اپیل کہ اپنے گھروں میں رہیں اور غیر ضروری سفر سے پرہیز کریں،پر ہجوم جگہوں پر ہر گز نہ جائیں اور اپنے ہاتھ 20 سیکنڈز تک اچھی طرح دھوئیں صرف احتیاطی تدابیر پر عمل کر کے ہی اس خطر ناک وائرس سے بچا جا سکتا ہے،انشاء اللہ کرونا وائرس کے خلاف جنگ ہم ضرور جیتیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں