2013 سے سونا اب تک کی سب سے بلند سطح پر پہنچ گیا

امریکا ایران تنازع کے باعث خطے میں کشیدگی کی صورتحال ہے جس کے باعث عالمی منڈی میں سونے کی قیمت میں ریکارڈ توڑ اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔3 جنوری کو عراق کے دارالحکومت بغداد میں امریکی ڈرون حملے میں ایران کی القدس فورس کے کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی کی ہلاکت کے بعد عالمی مارکیٹ میں تیل اور سونے کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے جب کہ دنیا کی کئی بڑی اسٹاک مارکیٹس میں بھی شدید مندی کا رجحان ہے۔امریکی ریٹنگ ایجنسی بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق عالمی منڈی میں سونے کی قیمت میں 2.4 فیصد کا بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جس کے بعد سونے کی قیمت 1611 ڈالر فی اونس کی بلند سطح پر پہنچ گئی ہے۔رپورٹ کے مطابق چھ سالوں میں یعنی 2013 سے سونا اب تک کی سب سے بلند سطح پر پہنچ گیا ہے۔

ایرانی کمانڈر قاسم سلیمانی کے قتل کے جواب میں ایران نے عراق میں امریکیوں کے زیر استعمال فوجی اڈوں پر میزائل حملے کیے ہیں جس کے نتیجے میں عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں 3.5 فیصد اضافہ ہو گیا ہے۔ایرانی حملے سے جاپان نکئی انڈیکس میں بھی منفی رجحان ہے اور انڈیکس 2.4 فیصد سے زیادہ گر گیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں