حارث رﺅف نے بگ بیش لیگ میں پھر دھوم مچا دی

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک ) پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) فرنچائز لاہور قلندرز کی دریافت حارث رﺅف نے ایک مرتبہ پھر بگ بیش لیگ (بی بی ایل) میں دھوم مچا دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق نوجوان فاسٹ باﺅلر حارث رؤف میلبورن سٹارز کی نمائندگی کرتے ہوئے سڈنی تھنڈرز کی 3 وکٹیں لے اڑے، ڈیل سٹین کے فٹنس مسائل کی وجہ سے اچانک ٹیم میں جگہ بنانے والے پاکستانی فاسٹ باﺅلر نے پہلے میچ میں2 دوسرے میں5 وکٹیں حاصل کرتے ہوئے دنیائے کرکٹ کی توجہ حاصل کی لیکن ڈیل سٹین کو فٹ ہونے کے بعد ٹیم مینجمنٹ نے حیران کن فیصلہ کرتے ہوئے حارث روف کو ڈراپ کر کے سٹین کو ٹیم میں شامل کر لیا۔

میلبورن سٹارز کے اس فیصلے پر سب نے ہی حیرت کا اظہار کیا لیکن گزشتہ روز سپنر سندیپ لامی چانے کی انجری نے ایک بار پھر حارث رؤف کی میلبورن سٹارز کے سکواڈ میں واپسی کا راستہ بنایا جنہوں نے ایک مرتبہ اپنا انتخاب درست ثابت کرتے ہوئے 24 رنز کے عوض سڈنی تھنڈرز کی 3 وکٹیں اڑائیں جبکہ ڈیل سٹین کوئی بھی وکٹ حاصل نہ کر سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں