جنرل قاسم سلیمانی کی ہلاکت ، تیل کے بعد سونا بھی مہنگا ہوگیا

کراچی (نیوز ڈیسک ) امریکہ کی جانب سے بغداد ایئر پورٹ پر کیے جانے والے ڈرون حملے میں ایرانی جنرل قاسم سلیمانی کی ہلاکت کے بعد خام تیل کے ساتھ سونے کی قیمت میں بھی اضافہ ہوگیا ہے۔

عالمی صرافہ بازار میں جمعہ کے روز سونے کی قیمت میں 29 ڈالر کا اضافہ ہوا ہے جس کے بعد فی اونس سونا 1551 ڈالر کا ہوگیا ہے۔ عالمی مارکیٹ کے باعث پاکستان میں بھی سونا مہنگا ہوا ہے ، یہاں فی تولہ سونا 1350روپے اضافے کے ساتھ 89 ہزار 650 روپے کا ہو گیا ہے۔ 10 گرام سونے کی قیمت 1157 روپے کے اضافے سے 76 ہزار 869 روپے ہوگئی ہے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں 4 فیصد اضافہ دیکھا گیا ہے، گزشتہ برس 17 ستمبر کے بعد سے یہ تیل کی قیمتوں میں سب سے زیادہ اضافہ ہے۔ عالمی مارکیٹ میں برینٹ کروڈ آئل کی قیمت 3 ڈالر اضافے کے ساتھ 69 اعشاریہ ایک چھ ڈالر فی بیرل ہو گئی ہے جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ کروڈ آئل کی قیمت ایک اعشاریہ چھ ڈالر اضافے کے ساتھ 62 اعشاریہ 94 ڈالر فی بیرل ہوگئی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں