چینی صدر شی چن پھنگ کا 2020ء کے لیے تہنیتی پیغام

چینی صدر شی چن پھنگ نے کہا ہے کہ 2019ء میں چین نے محنت سے بہت سی کامیابیاں حاصل کی ہیں اور ٹھوس اقدامات کی بدولت اب ملک ترقی کے راستے پر گامزن ہے۔ نئے سال کی آمد پر چائنہ میڈیا گروپ اور انٹرنیٹ کے ذریعے جاری کئے گئے اپنے تہنیتی پیغام میں انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ سال 2020ء میں چین میں جی ڈی پی کی مجموعی مالیت 1 ہزار کھرب چینی یوان یعنی فی کس 10 ہزار امریکی ڈالرز سے تجاوز کر جائیگی۔ چینی صدر نے کہا کہ چین میں ایک کروڑ سے زائد افراد غربت سے چھٹکارا حاصل کر رہے ہیں، جبکہ 2019ء کے دوران چین میں اصلاحات اور کھلے پن سے ترقی کی نئی قوتیں پیدا ہوئی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ چین میں چند نئے آزاد تجارتی زونز قائم کئے گئے ہیں، جبکہ اسٹاک مارکیٹ میں سائنسی سٹارٹ اپ کمپنیوں کے حصص کی لین دین کا بھی آغاز کردیا گیا ہے۔ چینی صدر نے اپنے پیغام میں بتایا کہ چین میں ٹیکس اور معاوضے کی شرح میں کمی کی مجموعی مالیت 20 کھرب یوان سے تجاوز کر گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2019ء سے چین کی فوجی اور قومی دفاعی اصلاحات بھی مستقل طور پر آگے بڑھ رہی ہیں جبکہ چینی ساختہ طیارہ بردار جہاز باضابطہ طور پر چین کی بحری فوج میں شامل کیا گیا ہے۔

شی چن پھنگ نے کہا کہ 2019ء میں عوامی جمہوریہ چین کے قیام کی 70ویں سالگرہ شان و شوکت سے منائی گئی۔ چینی صدر نے گزشتہ 70 سال کے دوران چین کی حاصل کردہ کامیابیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ محب وطن جذبات کی ایک مضبوط قوت سے بے حد متاثر ہیں، کیونکہ حب الوطنی کے جذبات کسی بھی قوم کیلئے ریڑھ کی ہڈی کی مانند ہیں۔چینی صدر نے کہا کہ سال 2020ء کو سنگ میل کی حیثیت حاصل ہے، جس میں چین خوشحال معاشرے کی مکمل تشکیل کرے گا اور پہلے صد سالہ اہداف حاصل کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ سال 2020ء کے دوران چین سے غربت کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔

چینی صدر شی چن پھنگ نے مزید کہا کہ چند روز پہلے انہوں نے مکاؤ خصوصی انتظامی علاقے کی مادروطن میں واپسی کی 20ویں سالگرہ کی تقریب میں شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ مکاؤ کی کامیابی سے یہ ثابت ہوچکا ہے کہ ایک ملک دو نظام قابل عمل نظریہ ہے جو عوام میں بھی انتہائی مقبول ہو سکتا ہے۔ چینی صدر نے کہا کہ گزشتہ چند ماہ کے دوران ہانگ کانگ کی صورتحال باعث تشویش رہی، تاہم انہوں نے کہا کہ کوئی بھی گھر ہم آہنگی اور استحکام کے بغیر خوشحال نہیں ہوسکتا۔ چینی صدر نے اپنے پیغام میں اس خواہش کا اظہار کیا کہ ہانگ کانگ کی صورتحال میں بہتری آئے گی اور ہانگ کانگ کے ہم وطن خوشحال ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہانگ کانگ کی خوشحالی اور استحکام ہانگ کانگ کے شہریوں کی اجتماعی خواہش اور چینی عوام کی امید بھی ہے۔

چینی صدر شی چن پھنگ نے کہا کہ سال 2019ء کے دوران چین نے دوسرے ایک پٹی ایک شاہراہ بین الاقوامی تعاون کے سربراہی فورم سمیت دیگر اہم سفارتی سرگرمیوں کا انعقاد کیا، جن سے پوری دنیا میں ایک مہذب، کھلے اور اشتراک کے خواہشمند چین کی عکاسی ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ 2019ء کے دوران چند مزید ممالک نے چین کے ساتھ سفارتی تعلقات قائم کئے، جس سے چین کےساتھ سفارتی تعلقات قائم کرنے والے ممالک کی تعداد 180 تک پہنچ چکی ہے۔ چینی صدر نے کہا کہ چین کے دوست پوری دنیا میں موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چین مثبت طور پر پُرامن ترقی کے راستے پر گامزن رہے گا ، جبکہ آنیوالے دنوں میں عالمی امن کے تحفظ اور مشترکہ ترقی کے فروغ کیلئے کوشش کی جائے گی۔ چینی صدر نے کہا کہ چین دیگر ممالک کے عوام کے ساتھ ہاتھوں میں ہاتھ ڈالے ایک پٹی ایک شاہراہ کی مشترکہ تعمیر اور بنی نوع انسان کے ہم نصیب سماج کی تعمیر کو آگے بڑھائے گا اور بنی نوع انسان کے مشترکہ روشن مستقبل کیلئے جدوجہد کرے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں