0

سرمد کھوسٹ کی فلم ‘زندگی تماشا’ کا ٹریلر پراسرار طور پر غائب

پاکستانی فلم انڈسٹری کے مقبول ہدایت کار سرمد کھوسٹ کی فلم ’زندگی تماشا‘ کا ٹریلر یوٹیوب سے پر اسرار طور پر غائب ہوگیا ہے۔سرمد کھوسٹ پاکستان فلم اور ڈرامہ انڈسٹری کے بہترین اداکار اور ہدایت کار سمجھے جاتے ہیں اور ان کی آنے والی فلم ’زندگی تماشا‘ کا ٹریلر 30 ستمبر کو یوٹیوب پر جاری کیا گیا تھا جو کہ کل سے یوٹیوب پر موجود نہیں ہے۔اس حوالے سے سرمد کھوسٹ کی جانب سے کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔

دوسری جانب یوٹیوب سے ٹریلر ہٹائے جانے پر قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں کہ شاید سینسر بورڈ کی وجہ سے فلم کا ٹریلر ہٹایا گیا ہو، تاہم سینسر بورڈ نے اس بات کی تصدیق نہیں کی اور نہ ہی کوئی بیان جاری کیا ہے۔

سرمد کھوسٹ کی فلم ‘زندگی تماشا‘ کا ٹریلر خوب مقبول ہوا تھا، یہی وجہ ہے کہ اس فلم کو بوسان عالمی فلم فیسٹیول کا معتبرترین ’کم جسوئک‘ ایوارڈ سے بھی نوازا گیا تھا۔

یاد رہے کہ فلم ’زندگی تماشہ‘ کی کہانی صوبہ پنجاب کے شہر لاہور میں مختلف افراد کی زندگی گزارنے کے فن کا آئینہ ہوگی۔ہدایت کار سرمد کھوسٹ کے ساتھ اس فلم کی شریک پروڈیوسر ان کی بہن کنول کھوسٹ ہیں جب کہ فلم کا اسکرپٹ نرمل بانو نے تحریر کیا ہے۔

فلم کی کاسٹ میں سمیا ممتاز، عارف حسن، ماڈل ایمان سلیمان اور علی قریشی بھی شامل ہیں۔’زندگی تماشا‘ کو پاکستان میں اگلے سال ریلیز کرنے کا کہا گیا تھا تاہم فلم کی ریلیز کی تاریخ کا باقاعدہ اعلان نہیں کیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں