شدید دھند کے باعث کئی جگہ سے موٹروے بند،درجہ حرارت منفی 16 تک پہنچ گیا

لاہور (نیوز ڈیسک ) لاہور سمیت ملک کے میدانی علاقوں نے دھند کی سفید چادر اوڑھ لی ہے، حد نگاہ انتہائی کم ہونے کے باعث موٹروے کو کئی جگہ سے بند کردیا گیا ہے۔

ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق پتوکی، حبیب آباد ، رینالہ خورد، اوکاڑہ، ساہیوال اورہڑپہ میں شدید دھند ہے۔ چیچہ وطنی، میاں چنوں، خانیوال، ملتان، لودھراں اور بہاولپورمیں بھی دھند کے باعث حد نگاہ انتہائی کم رہ گئی ہے۔ قومی شاہراہ پرحدنگاہ 30سے 150میٹررہ گئی۔ شدید دھند کے باعث خانیوال تا ملتان موٹر وے کوبند کر دیا گیا ہے، ملتان موٹر وے ایم3 ، لاہور تا عبدالحکیم شدید دھند کے باعث بند کردی گئی ہے۔ ترجمان موٹروے نے ہدایت کی ہے کہ شہری غیرضروری سفرسے گریز کریں اور گاڑیوں میں فوگ لائٹس کا استعمال کریں۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ جمعرات کے روز پنجاب اور بالائی سند ھ کے بیشتر میدانی علاقوں جبکہ خیبر پختونخوا کے بعض اضلاع میں رات اور صبح کے اوقات میں شدیددھند چھائے رہنے کی توقع ہے۔ اس دوران خیبر پختونخوا کے بعض اضلاع اور خطہ پوٹھوہار میں کہر پڑنے کا بھی امکان ہے۔ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ بالائی علاقوں میں شدید سرد رہے گا۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سکردو سب سے سرد ترین مقام رہا جہاں درجہ حرارت منفی 16 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ استور منفی 11 ، گوپس منفی 09 ، قلات، بگروٹ، کالام منفی 07، پاراچنار ، کوئٹہ منفی 05،گلگت منفی 04، دیر، بنوں اور میرکھانی میں درجہ حرارت منفی 03ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں