پنجاب نے دھند کی سفید چادر اوڑھ لی

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک ) پنجاب کے میدانی علاقوں میں دھند نے ڈیرے ڈال لیے ہیں جس کے باعث نہ صرف سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے بلکہ مسافروں کو بھی پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

مغرب کے وقت سے ہی لاہور سمیت پنجاب کے اکثر شہروں نے دھند کی چادر اوڑھ رکھی ہے۔ لاہور ، گوجرانوالہ، فیصل آباد، ساہیوال، اوکاڑہ، خانیوال، وہاڑی، بورے والا شدید دھند کی لپیٹ میں ہیں۔ ملتان، رحیم یار خان ، بہاولپور لودھراں میں بھی دھند کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوچکا ہے۔

پنجاب کے میدانی علاقوں میں پڑنے والی دھند کے باعث حد نگاہ انتہائی کم ہوگئی ہے جس کی وجہ سے مسافروں کو سفر کے دوران مشکلات کا سامنا ہے۔ موٹروے حکام نے کئی جگہ سے موٹروے کو گاڑیوں کیلئے بند کردیا ہے۔ ترجمان موٹروے نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ فوگ لائٹس کا استعمال کریں اور گاڑیوں کے گروہ کی شکل میں سفر کریں ۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ پنجاب اور بالائی سند ھ کے بیشتر میدانی علاقوں جبکہ خیبر پختونخوا کے بعض اضلاع میں رات اور صبح کے اوقات میں شدیددھند چھائے رہنے کی توقع ہے۔ اس دوران خیبر پختونخوا اور خطہ پوٹھوہار میں کہر پڑنے کا بھی امکان ہے۔ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ بالائی علاقوں میں شدید سرد رہے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں