پی سی بی نے قائداعظم ٹرافی کا شیڈول جاری کردیا

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے قائداعظم ٹرافی کا شیڈول جاری کر دیا ہے جس کے مطابق نئے ڈومیسٹک سٹرکچر کے تحت قائد اعظم ٹرافی کا آغاز 14ستمبر سے ہوگا جبکہ نیشنل سٹیڈیم کراچی فائنل سمیت5 میچز کی میزبانی کرے گا۔

تفصیلات کے مطابق 14 ستمبر سے 9 دسمبر تک جاری رہنے والے ٹورنامنٹ کے 5 میچ اور فائنل میچ کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے اور ایبٹ آباد سٹیڈیم میں 6، یو بی ایل سپورٹس کمپلیکس کراچی میں 5، بگٹی سٹیڈیم کوئٹہ میں 4، قذافی سٹیڈیم لاہور، اقبال سٹیڈیم فیصل آباد، کے آر ایل سٹیڈیم راولپنڈی میں 3,3 جبکہ جناح سٹیڈیم سیالکوٹ اور سٹیٹ بینک گراﺅنڈکراچی میں ایک، ایک میچ کھیلا جائے گا۔

ٹورنامنٹ کا پہلا راﺅنڈ 14 سے 17 ستمبر تک جاری رہے گا جس دوران سندھ اوربلوچستان کرکٹ ٹیموں کے درمیان مقابلہ یو بی ایل سپورٹس کمپلیکس کراچی میں شیڈول ہے۔سینٹرل پنجاب اور سدرن پنجاب قذافی سٹیڈیم لاہور، خیبر پختونخوا اور ناردرن ایریاز ایبٹ آباد سٹیڈیم میں مدمقابل آئیں گے، قائد اعظم ٹرافی کا 4 راﺅنڈز پر مشتمل پہلا حصہ 8 اکتوبر تک جاری رہے گا،اس کے اختتام پر قومی ٹی 20 کرکٹ ٹورنامنٹ کا آغاز ہوجائے گا۔

پی سی بی کے سلیکٹرز آسٹریلیا سے مختصر فارمیٹ کے 3میچز کیلئے کرکٹرز کی کارکردگی پر نظر رکھیں گے جبکہ فرسٹ اور سیکنڈ الیون کے ٹی 20 ٹورنامنٹس کا آغاز بیک وقت ہونے کے باعث بھی پی ایس ایل فرنچائزز کو نئے ٹیلنٹ کی تلاش میں مدد ملے گی، تاریخ میں پہلی مرتبہ پاکستان کرکٹ بورڈ ٹاس کے بغیر میچ کا قانون متعارف کروا رہا ہے، مہمان ٹیم کو پہلے باﺅلنگ کا اختیار ہو گا۔

قائداعظم ٹرافی سیکنڈ الیون مقابلوں کا آغاز بھی 14 ستمبرسے ہوگا، فائنل 29 نومبر کو سٹیٹ بینک اسٹیڈیم کراچی میں شیڈول ہے۔ایونٹ کے تمام میچز 3 روز پر مشتمل ہوں گے، سیکنڈ الیون کے 4 میچز آزاد جموں و کشمیر کے شہر میرپور سٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں