عابد علی نے جاوید میانداد کا ریکارڈ بھی توڑ دیا

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک ) قومی کرکٹ ٹیم کے اوپننگ بلے باز عابد علی نے منفرد ورلڈ ریکارڈ بنانے کے بعد مزید ریکارڈ بنانے کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے اور صرف دو ٹیسٹ میچ کھیل کر ہی انہوں نے پاکستان کے مایہ ناز سابق ٹیسٹ کرکٹر جاوید میانداد کا ریکارڈ بھی توڑ دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستانی ٹیم کے اوپننگ بیٹسمین عابد علی سری لنکا کے خلاف راولپنڈی میں پہلے ٹیسٹ میچ میں سنچری کی بدولت ٹیسٹ اور ون ڈے ڈیبیو پر سنچری بنانے والے دنیا کے پہلے بلے باز بن گئے تھے اور اب انہوں نے مزید 2 منفرد اعزاز اپنے نام کر لئے ہیں، وہ سری لنکا کے خلاف کراچی میں جاری دوسرے ٹیسٹ میچ کی دوسری اننگز میں سنچری سکور کرکے اپنے ابتدائی 2 میچوں میں لگاتار دو سنچریاں بنانے والے پہلے پاکستانی بیٹسمین بن گئے ہیں۔

بائیں ہاتھ سے کھیلنے والے عابد علی سے قبل یہ اعزاز بھارتی ٹیسٹ کرکٹر اور سابق کپتان اظہرالدین، سارو گنگولی، آسٹریلین بلے باز ڈی والٹرز، آسٹریلوی بیٹسمین ڈبلیو ایچ پونزفورڈ، ویسٹ انڈین کھلاڑی ایلون کالی چرن، آسٹریلین بلے باز گریگ بیلویٹ، بھارتی اوپنر روہت شرما اور کیوی کھلاڑی جمی نیشام بھی حاصل کرچکے ہیں۔

اس کے علاوہ عابد علی نے اپنے ابتدائی 2 ٹیسٹ میچوں کی 3 اننگز میں 321 رنز بناکر مایہ ناز بلے باز جاوید میانداد کا ریکارڈ بھی توڑ دیا ہے جنہوں نے اپنے ابتدائی دو ٹیسٹ میچوں کی 3 اننگز میں 319 رنز بنائے تھے۔

واضح رہے کہ ٹیسٹ کرکٹ کی تقریباً ڈیڑھ سو سال پرانی تاریخ اور ون ڈے کرکٹ کی 48 سالہ تاریخ میں کوئی بھی بلے باز دونوں فارمیٹ میں ڈیبیو پر سنچری سکور کرنے کا عالمی ریکارڈ نہیں بنا سکا۔عابد علی ٹیسٹ ڈیبیو پر سنچری سکور کرنے والے پاکستان کے 12ویں کھلاڑی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں