0

روس نے پاکستان سٹیل ملز کی بحالی کی پیشکش کردی

ماسکو (نیوز ڈیسک) روس نے پاکستان سٹیل ملز کی بحالی اور اس کی پیداواری صلاحیت بڑھانے کے لیے تعاون کی پیشکش کردی۔وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور حماد اظہر اور روس کے وزیر تجارت ڈینس ویلنٹنووچ کی زیر صدارت پاکستان روس بین الحکومتی کمیشن کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا۔اجلاس کے بعد حماد اظہر کے ہمراہ مشترکہ نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے روسی وزیرتجارت نے کہاکہ ہم سٹیل ملز کی بحالی اور اس کی پیداواری صلاحیت بڑھانے کے لیے پاکستان کو تعاون فراہم کریں گے۔انہوں نے نارتھ سائوتھ گیس پائپ لائن بچھانے سمیت پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے میں دلچسپی ظاہر کی۔

روسی وزیر کا کہنا تھا کہ روس جہاز سازی کے شعبے میں پاکستان کے ساتھ تعاون کا خواہاں ہے جب کہ زراعت کے شعبے میں بھی تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں، اس کے علاوہ روس پاکستان کے ساتھ ریلوے کے شعبے میں بنیادی ڈھانچے اور ریل گاڑیوں کی مقامی تیاری کے شعبے میں تعاون بڑھانا چاہتا ہے۔اس موقع پر اقتصادی امور کے وزیر حماد اظہر نے کہا کہ پاکستان روس کے ساتھ تعلقات کو تزویراتی شراکت داری میں بدلنے کا خواہش مند ہے۔حماد اظہر نے کہا کہ روس کی کمپنیاں پاکستان میں تیل و گیس کے شعبے میں سرمایہ کاری کریں۔ پاکستان سٹیل ملز کی بحالی میں روس کی جانب سے تعاون کی پیشکش کو سراہتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان روس کے ساتھ ریلوے کے شعبے میں مل کر کام کرنے کے لیے تیار ہے اور کوئٹہ تفتان ریلوے سیکشن کی اپگریڈیشن پر بھی مل کر کام کرنے کو تیار ہیں۔انہوں نے کہاکہ دونوں ممالک میں تجارت ، کاروباری تعلقات اور عوامی سطح پر رابطوں کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں