حسن علی کی بھارتی بیگم پھر سے دلہن بن گئیں

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) کرکٹر حسن علی کی اہلیہ سامعہ آرزو ایک بار پھر دلہن بن گئیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق حسن علی نے رواں سال اگست میں بھارتی لڑکی سامعہ آرزو کے ساتھ دبئی کے اٹلانٹس ہوٹل میں شادی کی تھی۔ اب اس نوبیاہتا جوڑے کے پاکستان آنے پر ان کی شادی کی ایک تقریب کا یہاں بھی انعقاد کیا گیا تاکہ حسن علی کے یہاں موجود رشتہ دار بھی اس کی شادی میں شرکت کر سکیں، چنانچہ اس تقریب کے لیے حسن علی اور سامعہ آرزو ایک بار پھر دولہا دلہن بن گئے۔

حسن علی اور سامعہ کی دبئی میں ہونے والی شادی میں ان کے والدین اور قریبی دوست احباب ہی شریک ہوئے تھے۔ حسن علی اور سامعہ کا پاکستان میں حسن علی کے آبائی علاقے منڈی بہاﺅ الدین پہنچنے پر شاندار استقبال کیا گیا۔ ان کی ایک ویڈیو بھی منظرعام پر آئی ہے جس میں انہیں گھر میں سیڑھیاں چڑھتے ہوئے دکھایا گیا ہے جن پر پھولوں کی پتیاں بچھی ہوئی تھیں۔ اس کے اگلے روز ان کی شادی کے سلسلے میں ایک فنکشن کا اہتمام کیا گیا جس کے لیے وہ دونوں ایک بار پھر دولہا دلہن بنے۔ واضح رہے کہ سامعہ بھارتی شہری اور ایروناٹیکل انجینئر ہے۔ اس کی حسن علی سے دبئی میں ہی ملاقات ہوئی تھی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں