چین-روس”تعاون 2019ء” انسداد دہشت گردی کی مشترکہ مشقیں کامیابی سے اختتام پذیر

چینی مسلح پولیس فورس اور روسی نیشنل گارڈز کے زیرِ اہتمام منعقد ہونے والی انسداد دہشت گردی کی مشترکہ مشقیں “تعاون 2019ء” کامیابی سے اختتام پذیر ہوگئیں۔

ان مشقوں کا انعقاد روسی شہر نوفو سی بیرسک کےقریب واقع ایک تربیتی مرکز میں ہوا۔ ان مشقوں کے دوران انسداد دہشت گردی کے عنوان پر چار شعبوں میں تیس کورسز کی تربیت فراہم کی گئی۔

چینی مسلح پولیس فورس کے چیف آف اسٹاف لفٹیننٹ جنرل زنگ جیاہ گائی اور روسی نیشنل گارڈز کے کمانڈر سینیئر جنرل وکٹر زولوٹوف نے اختتامی تقریب میں شرکت کی۔ لفٹیننٹ جنرل زنگ جیاہ گائی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان مشترکہ مشقوں کے انعقاد سے دہشت گردی کے خلاف تعاون کو مضبوط بنایا گیا اور انسداد دہشت گردی کی صلاحیت کو بھی بلند کیا گیا ہے۔

روسی نیشنل گارڈز کے کمانڈر سینیئر جنرل وکٹر زولوٹوف نے کہا کہ موجودہ مشترکہ مشقوں کے دوران چین اور روس کے خصوصی دستوں کے درمیان تعاون اور حکمت عملی کے صلاح و مشورہ کو اہمیت دی گئی۔ فریقین نے قومی سلامتی کے تحفظ اور شنگھائی تعاون تنظیم کے تحت مشن کو پورا کرنے کی اصلاحات پر عمل درآمد کو یقینی بنایا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں