0

تاجر سیٹھ عابد قلیل علالت کے بعد انتقال کرگئے

لاہور(سپیشل رپورٹ)پاکستان کے معروف تاجر سیٹھ عابد قلیل علالت کے بعد 85برس کی عمر میں کراچی کے ایک ہسپتال میں انتقال کرگئے۔

رپورٹ کے مطابق ان کے بھتیجے یاسر محمود نے ان کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ’سیٹھ عابد نہیں رہے، انہیں علاج کیلئے اہل خانہ کی جانب سے کراچی میں ایک ہسپتال میں منتقل کیا گیا تھا لیکن وہ جانبر نہ ہوسکے‘۔

انہوں نے کہا کہ ’ان کی نماز جنازہ کراچی میں ہوگی جبکہ قوی امکان ہے کہ آج (ہفتہ) کو بعد نماز عصر ان کی تدفین کردی جائے گی‘۔

لاہور اور کراچی میں مقیم سیٹھ عابد سے متعلق کہا جاتا ہے کہ وہ ملک کی 30 امیر ترین شخصیات میں شامل تھے، اس کے علاوہ وہ متعدد کاروبار کامیابی سے چلا رہے تھے جبکہ انہیں نے کئی فلاحی منصوبے بھی شروع کئے تھے۔

تاہم یہ اطلاعات تھیں کہ وہ اپنے بیٹے حافظ ایاز احمد کی موت کے بعد سے حالت غم میں تھے۔واضح رہے کہ ان کے بیٹے کو سال 2006 میں لاہور میں شوکت خانم ہسپتال کے قریب ایک ہاؤسنگ اسکیم میں سیکیورٹی گارڈ کی جانب سے فائرنگ کرکے ہلاک کردیا گیا تھا۔

قصور سے تعلق رکھنے والے سیٹھ عابد نے سوگواران میں 3 بیٹے اور 3 بیٹیاں چھوڑی ہیں۔یاسر محمود کا کہنا تھا کہ ’میر آنٹی (سیٹھ عابد کی اہلیہ) کا کچھ سال قبل انتقال ہوگیا تھا‘۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں