بھارتی وزیراعظم کے پاکستان مخالف بیانات مسترد

دفتر خارجہ نے بھارتی وزیراعظم کے پاکستان مخالف بیانات کو مسترد کردیا ہے۔وزارت خارجہ کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مودی کے بیانات مقبوضہ کشمیر سےتوجہ ہٹانے کی کوشش ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے ہتھکنڈوں سے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشتگردی سے توجہ نہیں ہٹائی جاسکتی۔
دفترخارجہ کے ترجمان کے مطابق ڈوزیئر کے اجرا کےبعد بھارت نے پاکستان مخالف پروپیگنڈا تیز کردیا ہے، ڈوزیئر میں پاکستان نے بھارتی دہشت گردی کوبےنقاب کیا، پاکستان نے ڈوزیئر میں بھارتی ریاستی دہشتگردی کے شواہد پیش کیے، جس کے باعث بھارت کی منصوبہ بندی، مالی معاونت کے اقدامات بےنقاب ہوگئے ہیں۔دفترخارجہ کے ترجمان چوہدری حفیظ کا مزید کہنا تھا کہ بھارت کے فالس فلیگ آپریشن سےدنیا بخوبی واقف اور مذاق اڑاتی ہے، بھارتی انکار اور الزامات کی پرانی رٹ سےحقائق تبدیل نہیں ہونگے اور نہ ہی نام نہاد سرحدپار دہشتگردی کے الزامات کو اب تقویت ملےگی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں