0

کراچی واقعہ میں ملوث آئی ایس آئی اور رینجرز کے افسران معطل

مزار قائد بے حرمتی کیس میں آرمی کی کورٹ آف انکوائری مکمل ہو گئی۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان رینجرز اور سیکٹر ہیڈ کوارٹرز آئی ایس آئی کراچی کے آفیسرز کو ذمہ داریوں سے ہٹا دیا گیا۔ترجمان کا کہنا تھا کہ واقع کی انکوائری آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے حکم پر کی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ کورٹ آف انکوائری کی تحقیقات کے مطابق پاکستان رینجرز اور سیکٹر ہیڈ کوارٹرز آئی ایس آئی کراچی کے آفیسرز پر مزارِ قائد کی بے حرمتی کے بعد قانون کے مطابق بروقت کارروائی کیلئے عوام کا شدید دباؤ تھا۔ترجمان کا کہنا تھا کہ ان آفیسرز نے شدید عوامی ردِ عمل اور تیزی سے بدلتی ہوئی کشیدہ صورتحال کے مدِ نظر سندھ پولیس کے طرزِ عمل کو اپنی دانست میں ناکافی اور سُست روی کا شکار پایا۔رپورٹ کے مطابق اس کشیدہ مگر پُراشتعال صورتحال پر قابو پانے کے لیے ان آفیسرز نے اپنی حیثیت میں کسی قدر جذباتی ردِ عمل کا مظاہرہ کیا۔ترجمان کے مطابق ذمہ دار اور تجربہ کار آفیسرز کے طور پر انہیں ایسی ناپسندیدہ صورتحال سے گریزکرنا چاہیے تھا جس سے ریاست کے دو اداروں میں غلط فہمیاں پیدا ہوئیں۔انہوں نے کہا کہ کورٹ آف انکوائری کی سفارشات کی روشنی میں متعلقہ آفیسرز کو اپنی موجودہ ذمہ داریوں سے ہٹا دیا گیا ہے جبکہ ضابطہ کی خلاف ورزی پر ان آفیسرز کے خلاف کارروائی جی ایچ کیو میں عمل میں لائی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں