0

شاپنگ مالز، دکانیں اور مارکیٹس رات 10 بجے بند کرنے کی ہدایت

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے ملک میں کورونا وبا کی ‘دوسری لہر’ کے پیش نظر تمام شاپنگ مالز، دکانیں اور مارکیٹس رات 10 بجے بند کرنے کی ہدایت جاری کردیں۔این سی او سی کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق ملک بھر میں تفریح گاہ اور پبلک پارکس بھی شام 6 بجے بند کردیے جائیں گے۔علاوہ ازیں ملک بھر میں ماسک پہننا لازمی قرار دے دیا گیا۔اعلامیے کے مطابق ریلوے اسٹیشن، بس اسٹینڈ، مارکیٹس سمیت ان ڈور سرگرمیوں کے دوران ماسک پہننا لازمی ہوگا۔این سی او سی کی جانب سے فیصلہ کیا گیا کہ کورونا وبا کو روکنے کے لیے ایس او پیز کا اطلاق آج سے ہوگا۔اعلامیے میں کہا گیا کہ ‘مذکورہ ایس او پیز پر اطلاق کا دورانیہ 2 ماہ ہوگا’۔واضح رہے کہ گذشتہ ہفتے این سی او سی نے خبردار کیا تھا کہ اگر کووڈ-19 کے روک تھام کے لیے نافذ اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجرز (ایس او پیز) پر بہتر طور پر عمل نہیں کیا گیا تو سخت اقدامات کیے جائیں گے۔پاکستان دنیا کے ان ممالک میں شامل ہے جہاں کورونا وائرس کی مجموعی صورتحال کافی بہتر تھی تاہم گزشتہ کچھ روز سے ایک مرتبہ پھر کیسز اور اموات میں اضافہ رپورٹ ہورہا ہے جبکہ موسم کی بدلتی صورتحال کے باعث اس کی دوسری لہر کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔وزارت قومی صحت کے اعداد و شمار کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 825 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی جبکہ 14 مریض انتقال کر گئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں