0

امریکہ میں 5 چینی باشندے گرفتار

امریکا میں مبینہ طور پر چینی حکومت کے مخالفین کو نشانہ بنانے کے الزام میں 5 چینی ایجنٹس کو حراست میں لے لیا گیا۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی کے مطابق امریکی حکام نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ چینی حکومت کے مخالفین کو نشانہ بنانے کے الزام میں 5 چینی ایجنٹس کو گرفتار کیا گیا ہے۔امریکی اسسٹنٹ اٹارنی جنرل جان ڈیمرز نے بتایا کہ 8 افراد پر چین کے غیر قانونی طور پر قانون نافذ کرنے کے آپریشن ’فاکس ہنٹ‘ کا حصہ بننے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ چین آپریشن فاکس ہنٹ کو کرپشن کیخلاف اپنی جنگ کی بین الاقوامی مہم کہتا ہے جس کے تحت بیرون ملک مقیم ایسے چینی شہریوں جن پر کرپشن کے الزامات ہوں، انہیں پکڑ کر چین واپس لایا جاتا ہے اور ان پر مقدمہ چلایا جاتا ہے۔ڈیمرز نے مزید کہا کہ انسداد کرپشن مہم کی آڑ میں زیادہ تر ان لوگوں کو ہی نشانہ بنایا گیا ہے جو چین کی حکمران جماعت کمیونسٹ پارٹی اور صدر شی جن پنگ کے مخالفین اور ناقد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر حال میں چین کا یہ آپریشن قانون کی حکمرانی اور بین الاقوامی قوانین کیخلاف ہے۔ڈیمرز نے بتایا کہ ان ہی الزامات پر امریکا میں 5 چینی ایجنٹس کو گرفتار کیا گیا ہے جبکہ دیگر 3 ممکنہ طور پر اس وقت چین میں موجود ہیں۔ڈیمرز کے مطابق ان افراد پر امریکا میں چین کیلئے غیر قانونی طور پر ایجنٹس کا کام کرنے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں