بابراعظم مسلسل دوسرے برس زیادہ رنز بنانے والے بیٹسمین

پاکستان وائٹ بال ٹیم کے کپتان بابراعظم ٹی 20 کرکٹ میں مسلسل دوسرے برس زیادہ رنز بنانے والے بیٹسمین بن گئے ہیں۔

بابراعظم نے 2020ء میں مجموعی طور 942 رنز اسکور کرلیے ہیں، انہوں نے اس دوڑ میں شامل انگلینڈ کے ایلیکس ہیلز 895) اور آسٹریلیا کے مارکس اسٹوئنس (809) کو پیچھے چھوڑدیا ہے۔

وہ راولپنڈی میں جاری نیشنل ٹی 20 ٹوئنٹی کے میچ میں ایک اور نصف سنچری اسکور کرتے ہی ایلیکس ہیلز سے آگے بڑھ گئے، یوں وہ مسلسل دوسرے برس ٹی 20 میں سب سے زیادہ زیارہ رنز بنانے والے بیٹسمین بن گئے ہیں۔

بابراعظم نے رواں برس اب تک 8 نصف سنچریاں اور 1سنچری اسکور کی ہے، یوں وہ 9 ففٹی پلس اسکور کے ساتھ اس فہرست میں پہلی پوزیشن پر آگئے ہیں۔

قومی وائٹ بال ٹیم کے کپتان اس سال ٹی 20 میں سب سے زیادہ چوکے لگانے والے بیٹسمین بھی بن گئے ہیں ،انہوں نے 2020ء میں 108 چوکے لگائے ہیں جبکہ کوئی دوسرا بیٹسمین اب تک 100 چوکے بھی نہیں لگا سکا ہے۔

مڈل آرڈر بیٹسمین سال 2019ء میں بھی ٹی 20 میچز میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹسمین تھے ،انہوں نے 39 اننگز میں 1607رنز بنائے تھے۔

اس سال پاکستان کی جانب سے بیٹنگ میں نمایاں کارکردگی دکھانے والوں میں شعیب ملک کا دوسرا نمبر ہے، جنہوں نے اب تک 703 رنز اسکور کیے ہیں جبکہ محمد حفیظ 684 رنز کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔

حیرت انگیز طور پر اس سال (2020) سب سے زیادہ ٹی 20 وکٹیں لینے کا ریکارڈ بھی پاکستان کے شاہین شاہ آفریدی کے پاس ہے، جو 39 وکٹیں لے کر اس وقت سرفہرست ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں