کھجور غذائیت سے بھرپور ایک بہترین پھل

کھجور غذائیت سے بھرپور ایک بہترین پھل ہے جس میں فائبر، پوٹاشیم، کاپر، مینگنیز، میگنیشم اور وٹامن بی 6 جیسے اجزاء شامل ہیں جو کہ متعدد طبی فوائد کا باعث بنتے ہیں۔

حضور پاکﷺ نے فرمایا ہے کہ ’’جس گھر میں کھجور نہ ہو، وہ گھر ایسا ہے کہ جیسے اس میں کھانا نہ ہو‘‘ اور اب مختلف تحقیقات نے بھی یہ ثابت کردیا ہے کہ کھجور ایک مکمل غذا ہے جس میں وہ تمام ضروری غذائی اجزاء وافر مقدار میں پائے جاتے ہیں جو صحت کے ساتھ مدافعتی نظام مضبوط کرتے ہیں اور آج ہم آپ کو کھجور سے تیار کردہ چند لذیذ اور مزیدار تراکیب بتائیں گے۔

ملائی کھجور

کھجور کے مختلف ذائقوں سے لطف اُٹھائیں

اجزاء:

  • کھجور ایک پاؤ
  • ثابت بادام حسبِ منشاء
  • دودھ کی بالائی یا فریش کریم

ترکیب:

کھجوروں کو دھو کر گٹھلی نکال لیں اور ہر کھجور کے درمیان میں ایک بادام رکھ کر اوپر سے فریش کریم یا دودھ کی بالائی بَھردیں۔ چاہیں تو کچھ دیر فریج میں رکھ کر یا ایسے ہی کھائیں، بہترین ذائقہ اور لذّت ملے گی۔

میوہ کھجور

کھجور کے مختلف ذائقوں سے لطف اُٹھائیں

اجزاء:

  • کھجوریں حسبِ ضرورت
  • بادام
  • پستہ (باریک کاٹ لیں)
  • ناریل (پِسا ہوا) حسبِ منشاء

ترکیب:

کھجوریں دھوکر چُھری کی مدد سے کٹ لگا کر گُٹھلیاں نکال لیں۔ پھر ایک پیالے میں خشک میوہ جات مِکس کرکے احتیاط سے کھجورکے اندر بَھردیں۔ جب تمام کھجوروں میں میوہ بھرلیں، تو ایک پلیٹ میں سجا کر کچھ دیر کے لیے فریج میں رکھ دیں۔

کھجور کی کھیر

کھجور کے مختلف ذائقوں سے لطف اُٹھائیں

اجزاء:

  • کھجور (دھو کر گُٹھلی نکال لیں) ایک کلو
  • دودھ دو کلو
  • چینی حسبِ ذائقہ
  • الائچی پاؤڈر ایک چائے کا چمچ
  • خشک میوہ جات
  • چاندی کا ورق

ترکیب:

ایک پتیلی میں دودھ لیکر گرم کرلیں۔ پھر اس میں چینی ڈال کر دھیمی آنچ پر مزید اُبلنے کے لیے رکھ دیں۔ بعد ازاں، کھجوریں گرائنڈ کرکے دودھ میں شامل کرکے پکنے دیں۔ گاہے بگاہے چمچ چلاتی رہیں۔ جب دودھ اور کھجوریں یک جان ہوجائیں تو خشک میوہ جات شامل کردیں اور گاڑھے ہونے پر چولھا بند کردیں۔ اب ایک باؤل میں ڈال کر چاندی کے ورق سے سجا دیں اور ٹھنڈا ہونے کے لیے رکھ دیں۔

کھجور کے لڈّو

کھجور کے مختلف ذائقوں سے لطف اُٹھائیں

اجزاء:

  • کھجور (دھو کر گُٹھلی نکال لیں) ایک پاؤ
  • خشک میوہ جات(باریک کاٹ لیں)دو کپ
  • شہد تین کھانے کے چمچ
  • لیموں کا رس ایک کھانے کا چمچ

ترکیب:

کھجوریں باریک پیس لیں۔ پھر ان میں ایک کپ خشک میوہ جات اور دیگر اجزاء شامل کرکے اچھی طرح مِکس کرلیں۔ اب اس مرکب کی چھوٹی چھوٹی بالز بنالیں۔ باقی میوہ جات کو ململ کے کپڑے پر پھیلا کر ان بالز کو اس میں رول کریں  تاکہ ان پر میوہ جات اچھی طرح چپک جائیں۔ بعد ازاں، فریج میں رکھ دیں۔ کھانے کے بعد یا چائے کے ساتھ پیش کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں