وزیراعظم عمران خان کا پنجاب کےاراکین اسمبلی پر برہمی کا اظہار

اسلام آباد(نیوزڈیسک) وزیراعظم عمران خان سے لاہور میں اراکین اسمبلی کی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی ، اراکین اسمبلی وزیراعظم سے ملاقات میں پولیس اور محکمہ خوراک کی کھلی کرپشن میں ملوث پر برس پڑے ، وزیراعظم نے بھی پنجاب میں پولیس اور پٹواری کلچر میں کرپشن پر سخت برہمی کا اظہار کیا ہے۔وزیراعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر لاہور پہنچے،ذرائع کے مطابق ممبران قومی اسمبلی نے عمران خان سے شکایات کی بھر مار کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے ضلع میں ایس ایچ اوز، ڈی ایس پیز کھل کر کرپشن کررہے ہیں، پنجاب میں آٹے اور چینی کی مارکیٹ میں مہنگے داموں فروخت میں محکمہ خوراک ملوث ہے، بیوروکریسی حکومت کا ساتھ نہیں دیتی ہر جگہ مسائل ہی مسائل ہیں، اس کا نوٹس لیا جائے، ہمارے ضلع کو ترقیاتی فنڈز سے محروم رکھا گیا، متعلقہ عہدیداروں سے پوچھیں ہمارے حلقوں کو فنڈز کیوں نہیں دیتے۔ممبران قومی اسمبلی کی شکایات پر وزیراعظم نے سخت اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ مجھے پتا ہے پولیس، پٹواری کلچر میں کرپشن ہورہی ہے، بیوروکریسی اور پولیس کا اجلاس بلایا ہے انہیں کہتا ہوں۔عمران خان نے وزیراعلی کو اگلے ہفتے فیصل آباد جانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ جو بھی ترقیاتی وانتظامی معاملات ہیں انکو فوری حل کیا جائے۔وزیر اعظم عمران خان نے پنجاب کے سول افسران بشمول انتظامی محکموں کے سیکریٹریز، کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز، ریجنل پولیس افسران سے ویڈیو لنک خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کرپشن کی وجہ سے معیشت کو بے حد نقصان پہنچا ہے، کرپشن ہمیشہ اوپر اور اعلیٰ طبقے سے شروع ہوتی ہے، اسی وجہ سے ہماری حکومت نے کرپشن کے خلاف جہاد شروع کیا۔عمران خان نے کہا کہ اس وقت ملک میں معاشی ترقی کے لیے سب سے اہم سیکٹر تعمیرات ہے، اس سے روزگار کے مواقع ملیں گے، آپ سے امید کرتا ہوں کہ آپ اپنے اپنے دائرہ کار میں شعبہ تعمیرات کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کریں گے، غریب آدمی سے ہمدردی رکھیں، تھانہ کلچر ختم کر دیں، آپ پر کوئی سیاسی دباؤ نہیں ہوگا، میں ہر اس افسر کے ساتھ ہوں جو میرٹ پر کام کرے گا۔
علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب نے ٹویٹ کرتے ہوئے بتایا ہے کہ وزیراعظم عمران خان آج “راوی ریور اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی” کا افتتاح کریں گے، اس پراجیکٹ کے تحت دریائےراوی کی تجدیدنو ہوگی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں