32

میئر کراچی کی عدم پیشی پر عدالت سخت برہم

کراچی کی انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نے ضیاء الدین اسپتال میں دہشت گردوں کے علاج معالجے کے کیس میں میئر کراچی وسیم اختر کی عدم پیشی پر سخت برہمی کا اظہار کیا ہے۔

دورانِ سماعت ڈ اکٹر عاصم، انیس قائم خانی، رؤف صدیقی سمیت دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے تاہم میئر کراچی وسیم اختر عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔

میئر کراچی وسیم اختر کی عدم حاضری پر کراچی کی انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نے سخت اظہارِ برہمی کیا۔

انسدادِدہشت گردی کی عدالت کے جج نے استفسار کیا کہ وسیم اختر کہاں ہیں؟ پیش کیوں نہیں ہوئے؟

عدالت نے آئندہ سماعت پر میئر کراچی وسیم اختر کو ہر صورت میں پیش ہونے کا حکم دے دیا۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے ایم این اے عبدالقادر پٹیل بھی عدالت میں پیش نہیں ہو سکے تاہم ان کی جانب سے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست عدالت کو پیش کی گئی۔

درخواست میں عبدالقادر پٹیل نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ قومی اسمبلی کے اجلاس کے پیشِ نظر اسلام آباد میں ہوں، اس لیے استثنیٰ دیا جائے۔

عدالت نے عبدالقادر پٹیل کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 15 اگست تک ملتوی کر دی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں