24

پاکستان میں قیامت خیز گرمی۔۔!! جانتے ہیں وہ کونسا شہر ہے جہاں کا پارہ 50 سے تجاوز کرگیا؟ شہری بلبلا اٹھے

جیکب آباد (نیوز ڈیسک ) جیکب آباد میں قیامت خیز گرمی، پارہ 50 سے تجاوز کرگیا، شدید گرمی کے باعث متعدد افراد بے ہوش، سڑکیں سنسان ہوگئی، بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری،شہر میں برف کی قلت پیدا ہوگئی، ٹھنڈی مشروبات کی مانگ میں اضافہ۔ شہری بلبلا اٹھے۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد میں بدھ کے روز شدید گرمی رہی اور درجہ حرارت 50 سینٹی گریڈ سے تجاویز کرگیا قیامت خیز گرمی اور گرم ہوائیں چلنے کے باعث شہر بھر میں متعدد افراد کے بے ہوش ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، گرمی کی شدت میں بے پناہ اضافے کےباعث شہر کی مارکیٹیں اور سڑکیں سنسان ہوگئی ہیں اور لوگ گھروں میں محصورہوکر رہ گئے ہیں، ایک طرف قیامت خیز گرمی تو دوسری جانب شہر کے مختلف فیڈرز سٹی ٹو، سٹی تھری، سٹی فائیو، سٹی 8، شاہ لطیف فیڈر،اسپتال فیڈر، شہباز فیڈرز سمیت دیگر فیڈرز پر 12،12 گھنٹوں تک لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے جس کی وجہ سے شہری سخت اذیت اور مشکلات سے دوچار ہوگئے ہیں، گرمی کی شدت میں بے پناہ اضافے اور بجلی کی لوڈشیڈنگ کے باعث شہر میں برف کی قلت پیدا ہوگئی ہے اور ٹھنڈی مشروبات کی مانگ میں اضافہ ہوگیا ہے، سخت ترین گرمی اور بجلی کی لوڈیڈنگ کی وجہ سے شہری بلبلا اٹھے ہیں، شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ قیامت خیز گرمی میں بجلی کی طویل اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ بند کیا جائے۔ دوسری جانب 28 مئی سے 2 جون تک ملک کے مختلف علاقوں میں طوفانی بارشوں کا الرٹ جاری، این ڈی ایم کی جانب سے جاری رپورٹ کے مطابق جمعرات سے 2 جون تک ہونے والی بارشوں کے باعث سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے، متعلقہ حکام کو الرٹ رہنے، روزانہ کی بنیاد پر 2 رپورٹیں بھیجنے کی تلقین کر دی گئی ۔ بتایا گیا ہے کہ کل سے ملک کے مختلف علاقوں میں شدید اور طوفانی بارشوں کا سلسلہ شروع ہونے والا ہے، اس باعث مختلف علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔اس حوالے سے این ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ حکام کو الرٹ بھی کر دیا ہے۔ این ڈی ایم اے نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تمام تیاریاں مکمل کی جائیں۔تمام صوبائی محکمہ جات، این ایچ اے، ایف ڈبلیو او اور دیگر اداروں کو بھی الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق تمام اداروں کوکسی بھی ہنگامی صورتحال کی رپورٹ دن میں دو مرتبہ این ڈی ایم کو ارسال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔یہاں واضح رہے کہ پاکستان میں گزشتہ چند روز کے دوران گرمی کی شدت میں اضافہ ہوا ہے۔ اس وقت ملک کے بیشتر علاقوں میں درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ سے زائد ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔ تاہم کل سے بارشوں کا سلسلہ شروع ہونے کی صورت میں گرمی کی شدت میں بھی کمی آنے کا امکان ہے۔ جبکہ ملک میں مون سون بارشوں کے سلسلے کے آغاز میں چند ہی ہفتے باقی رہ گئے ہیں۔ جمعے کے روز ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور گرم رہیگا۔ تاہم خیبر پختونخوا،اسلام آباد، پنجاب، کشمیر اور گلگت بلتستان میں گرج چمک اور تیز ہوائوں کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ہفتے کے رووزبالائی خیبر پختونخواہ،اسلام آباد، پنجاب، شمال مشرقی بلوچستان، کشمیر اور گلگت بلتستان میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ جبکہ بالائی سندھ میں گرد آلود ہوائیں چلنے کے ساتھ ہلکی بارش کا بھی امکان ہے۔اتوار کے روز بالائی خیبر پختونخواہ،اسلام آباد، بالائی/وسطی پنجاب، کشمیر اور گلگت بلتستان میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ جبکہ جنوبی پنجاب اور بالائی سندھ میں گرد آلود ہوائیں چلنے کا بھی امکان ہے۔پیر کے روزخیبر پختونخواہ،اسلام آباد، بالائی/وسطی پنجاب، کشمیر اور گلگت بلتستان میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ اس دوران جنوبی پنجاب میں گرد آلود ہوائیں چلنے کا بھی امکان ہے۔منگل کے روزخیبر پختونخواہ،اسلام آباد، بالائی پنجاب، کشمیر اور گلگت بلتستان میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں