بھارت میں مون سون بارشوں نے تباہی مچادی،سیلاب اور بارشوں سے مرنے والوں کی تعداد 1673ہوگئی

نئی دہلی(نیوز ڈیسک)بھارت میں مون سون بارشوں نے تباہی مچادی، جون سے ستمبر تک سیلاب اور بارشوں  سے مرنے والوں کی تعداد 1673ہوگئی۔

بھارتی نجی ٹی وی کے مطابق ہندوستان  کی دو شمالی ریاستوں بہار اور اترپردیش میں طوفانی بارشوں اور سیلاب نے 25سالہ ریکارڈ توڑ دیا۔ سیلاب اور مختلف واقعات میں 1673فراد جان کی بازی ہارگئے۔سیلاب اپنے ساتھ ہزاروں مکانات کو بہالے گیا۔اترپردیش میں آٹھ مکانات ڈوب گئے۔بھارتی عوام کاکہنا ہے کہ مودی حکومت متاثرین کی مدد کیلئے کچھ بھی نہیں کررہی ہے۔

دوسری طرف بھارتی ریاست بہار میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں سے قہر بن کر برسنے والی موسلا دھار بارش نے  پٹنہ سمیت 16 سے زائد اضلاع کو شدید متاثر کیا ہے اور لاکھوں افراد کی زندگیاں درہم برہم ہو کر رہ گئی ہیں ،لوگوں کا گھر سے نکلنا مشکل ہوگیا ہے،سڑکوں پر دو سے تین فٹ پانی جمع ہوگیا ہے،بہت سے علاقوں میں گاڑیوں کی آمد رفت مکمل بند  جبکہ بجلی کی فراہمی ، ٹیلیفون اور انٹرنیٹ سروس بھی معطل ہو چکی ہے۔ پٹنہ کے ضلع مجسٹریٹ کمار روی نے شدید بارشوں کے باعث ضلع میں تمام سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں کو 30 ستمبر تک بند رکھنے کا حکم دیا ہے جبکہ دوسری طرف ریاستی وزیر اعلی نتیش کمار نے بارش کی خوفناک صورتحال کے پیش نظر ڈیزاسٹر مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ کا ہنگامی اجلاس بھی طلب کر لیا ہے

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں