0

لاک ڈاؤن میں نرمی۔۔!!سندھ حکومت نے مزید 153 فیکٹریوں کو کام کرنےکی اجازت دے دی

کراچی (ویب ڈیسک) سندھ حکومت نے مزید 153 فیکٹریوں کو کام کرنے کی اجازت دے دی، اس سے قبل 220 صنعتوں کو کام کی اجازت دی گئی تھی، لاک ڈاؤن سے استثنیٰ حاصل کرنے والی برآمدی صنعتوں کی مجموعی تعداد 373 ہوگئی ہے، تمام فیکٹریوں کو ایس اوپیز پرعملدرآمد یقینی بنانا ہوگا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق محکمہ داخلہ سندھ مزید 153 فیکٹریوں کو کام کی اجازت دینے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔فیکٹریوں کو اجازت سندھ لیبر ڈیپارٹمنٹ اور ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی سے تصدیق کے بعد دی گئی۔ فیکٹریوں کو سندھ حکومت کے کورونا سے بچاؤ کے ایس اوپیز پرعمل کرنا ہوگا۔ ایس اوپیز پرعملدرآمد یقینی بنانے کی ذمہ داری فیکٹری مالکان پر ہوگی۔ اس سے قبل 220 انڈسٹریز کو محکمہ داخلہ سندھ نے کام کرنے کی اجازت دی تھی۔لاک ڈاؤن سے استثنیٰ حاصل کرنے والی مجموعی طور پر برآمدی صنعتوں کی تعداد 373 ہوگئی۔مزید برآں وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیرصدارت سندھ کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا۔ صوبائی وزیر اطلاعات سید ناصر حسین شاہ نے کابینہ اجلاس پر بریفینگ دیتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت نے سندھ کووڈ 19ایمرجنسی ریلیف آرڈیننس 2020 کے تحت نجی اسکولوں کی فیس میں 20 فیصد رعایت دی ہے اور مزید یہ کسی بھی ملازم کو نوکری سے برخاست نہیں کیا جائے گا۔ نجی شعبہ میں کام کرنے والوں کو تنخواہوں کو بھی یقینی بنایا جائے گا جبکہ آجر کو فائدہ دینے کے لئے کچھ کٹوتی کی بھی اجازت دی گئی ہے اور تنخواہوں کے سلیب بھی جاری کئے جائیں گے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ آرڈیننس کے شیڈول ٹو کے تحت بجلی کے بلوں میں بھی رعایت دی گئی ہے اور رہائشی علاقوں کے پانی کے ماہانہ بل میں بھی بڑی رعایت دی گئی ہے۔ گیس کے بلوں میں بھی رعایت دی گئی ہے۔ سید ناصر حسین شاہ نے بتایا کہ کابینہ نے آرڈیننس کی منظوری بھی دے دی ہے اور گورنر کو بھجوانے کی بھی منظوری دے دی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں