آئی سی سی ٹیلی کانفرنس، فیوچر ٹور پروگرام، متاثرہ سیریز کی ری شیڈولنگ پر غور

اسلام آباد(نیو زڈیسک)دنیا بھر میں کورونا وائرس وبا کی وجہ سے متاثرہ کرکٹ سیریز کی بحالی پر بات چیت کیلئے آئی سی سی چیف ایگزیکٹو کمیٹی کی ٹیلی کانفرنس میں فیوچر ٹور پروگرام اور متاثرہ سیریز کی ری شیڈولنگ پر غور کیا گیا۔آئی سی سی کے ترجمان کے مطابق ٹیلی کانفرنس میں تمام بارہ ممبر ملکوں کے بورڈز کے چیف ایگزیکٹوز شریک ہوئے اور مختلف امور پر تبادلہ خیال ہوا۔آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ اور آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ سپر لیگ پر صورتحال واضح ہونے کے بعد کسی قسم کا فیصلہ کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ تاہم یہ بات طے ہوگئی کہ فیوچر ٹور پروگرام میں ردوبدل ہوگا اور اس پر باہمی مشاورت کے ساتھ فیصلہ کیا جائے گا۔ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ اور آئی سی سی وویمن ورلڈ کپ کو موخر کرنے پر بھی کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا اور اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ فی الحال دونوں ایونٹس کی تیاری شیڈول کے مطابق ہی کی جائے۔اس موقع پر کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹو کیون رابرٹس کا کہنا تھا کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے شیڈول کے مطابق انعقاد کے لئے آسٹریلوی حکومت کے فیصلوں کی روشنی میں کام کیا جائے گا۔دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کا کہنا ہے کہ سی ای سی کی ٹیلی کانفرنس کرکٹ کی بحالی کیلئے مشترکہ اقدامات کی جانب پہلا قدم ہے، یہ ایک ایسی صورتحال ہے جس میں سب کا مل کر کام کرنا بے حد ضروری ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں