فیصل ایدھی کے بیٹے سعد ایدھی کورونا میں مبتلا نہیں

اسلام آباد(نیو زڈیسک)ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی کے بیٹے سعد ایدھی کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ نیگیٹیو آیا ہے۔ایدھی حکام نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ سعد ایدھی سمیت 4 افراد کا ٹیسٹ کروایا گیا ہے، تاہم سعد ایدھی کا کورونا ٹیسٹ نیگیٹیو آیا ہے۔ایدھی حکام نے مزید بتایا ہے کہ والنٹیئر، ڈرائیور اور اسلام آباد کے ایدھی سینٹر کے انچارج کا ٹیسٹ بھی کروایا گیا ہے، ان تمام افراد کا ٹیسٹ بھی نگیٹیو آیا ہے۔ایدھی حکام نے یہ بھی بتایا ہے کہ مزید دیکھ رہے ہیں کہ فیصل ایدھی کی ملاقات کن کن افراد سے ہوئی ہے۔واضح رہے کہ 2 روز قبل ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی کی کورونا رپورٹ پازیٹیو آگئی تھی۔فیصل ادھی کے صاحبزادے سعد ایدھی نے فیصل ایدھی کے کورونا ٹیسٹ کے مثبت آنے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا تھا کہ فیصل ایدھی اسلام آباد میں ہیں اور میں بھی ان کے ساتھ ہوں۔سعد ایدھی کا یہ بھی کہنا تھا کہ ان کے خاندان کے دیگر افراد کراچی میں ہی ہیں، جبکہ کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر فیصل ایدھی قرنطینہ میں چلے گئے تھے۔ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں 16 اپریل کو سر درد اور بخار محسوس ہوا تھا، 2 روز تک یہی علامات رہیں تو دوستوں نے کورونا وائرس کا ٹیسٹ کرانے کا مشورہ دیا، اب بظاہر کوئی علامت نہیں لیکن ٹیسٹ مثبت آیا ہے، ڈاکٹر نے ایک ہفتے تک آئسولیشن میں رہنے کی ہدایت کی ہے۔فیصل ایدھی گزشتہ دنوں کراچی سے لاہور گئے تھے، انہوں نے 15 اپریل کو اسلام آباد میں وزیرِ اعظم عمران خان سے ملاقات کی تھی جس کے دوران انہیں کورونا ریلیف فنڈ کے لیے عطیہ دیا تھا۔وزیرِ اعظم عمران خان نے چونکہ فیصل ایدھی سے ملاقات کی تھی اس لیے خدشے کے پیشِ نظر ڈاکٹروں کے مشورے پر انہوں نے بھی گزشتہ روز اپنا کورونا ٹیسٹ کرایا تھا تاہم وزیرِ اعظم کا کورونا ٹیسٹ نیگیٹیو آیا ہے

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں