چین اور پاکستان کے مابین دوطرفہ تعلقات ایک نئے دور میں داخل ہوچکے ہیں، چینی سفیر یاؤ چنگ

پاکستان میں تعینات چینی سفیر یاؤ چنگ نے کہا ہے کہ چین نے سخت محنت اور لگن سے دنیا میں اپنا مقام حاصل کیا ہے۔ ایف ایم 98 دوستی چینل کی جانب سے عوامی جمہوریہ چین کے قیام کی 70ویں سالگرہ کی مناسبت سے اسلام آباد میں منعقدہ خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا آج چین کا شمار دنیا کی دوسری بڑی معیشت کے طور پر کیا جاتا ہے۔ چینی سفیر نے کہا کہ چین اور پاکستان کے مابین دوطرفہ تعلقات ایک نئے دور میں داخل ہوچکے ہیں اور سی پیک کے تحت دونوں ممالک کے مابین مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون مزید مضبوط ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین نے ہمیشہ اپنے ہمسایہ ممالک کی ترقی اور خوشحالی کیلئے جامع اقدامات اختیار کئے ہیں۔چینی سفیر نے کہا کہ پاکستان چین کا قابل اعتماد دوست ہے اور سی پیک کے تحت دونوں ممالک کے مابین یہ دوستی لازوال ہوچکی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ چین اپنی خارجہ پالیسی میں دیگر ممالک کے ساتھ پرامن تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔ اس موقع پر وزیر اعظم کی خصوصی معاون برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا چین اور پاکستان کے دوطرفہ تعلقات آزمائش کے ہر دور میں پورے اترے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چین نے کشمیر کے معاملے پر ہمیشہ پاکستان موقف کی تائید کی ہے اور بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی بھرپور حمایت کی ہے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ چین نے نہ صرف دہشتگردی بلکہ تجارت، زراعت، معیشت اور دفاع سمیت دیگر شعبوں میں پاکستان کی بھرپور مدد کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین ایک عظیم قوم ہے اور ہمیں چین کی قائدانہ صلاحیتوں سے سیکھنے کی ضرورت ہے۔ اس موقع پر ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ایف ایم 98 دوستی چینل کی نشریات پاکستان کے مزید 5 بڑے شہروں تک پھیلائی جائیں گی اور گوادر سے گلگت بلتستان تک ایف ایم 98 دوستی چینل کی صدا گونجے گی۔ تقریب سے خطاب کرتےہوئے ڈائریکٹر جنرل ریڈیو پاکستان اور وزیر اعظم کی پریس سیکریٹری شہیرہ شاہد نے کہا کہ ریڈیو پاکستان کے توسط سے ایف ایم 98 دوستی چینل اس امر کی عکاسی کرتا ہے کہ پاکستان اور چین کے مابین دوطرفہ تعلقات نہ صرف حکومتی سطح پر قائم ہیں، بلکہ عوامی سطح پر بھی انتہائی مقبول ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایف ایم 98 دوستی چینل کی کاوشیں قابل تحسین ہیں اور ریڈیو پاکستان اس چینل کی ترقی کیلئے اپنا بھرپور تعاون جاری رکھے گا۔ ایف ایم 98 کے دوستی میگا کنسرٹ 2019 میں نامور فنکار ساحر علی بگا، ملک کے معروف گلوکارہ شبنم مجید اور نوجوان گلوکار سرمد قدیر نے اپنی آوازوں کا جادو جگایا، جبکہ اس موقع پر سٹیج پرفارمر نوَیل خان کا گروپ اور روٹس ملینئم کے بچوں نے بھی شاندار فن کا مظاہرہ کیا۔ تقریب کے اختتام پرعوامی جمہوریہ چین کے قیام کی 70ویں سالگرہ کا کیک بھی کاٹا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں