طاہر شاہ نے اپنا نیا گانا”فرشتہ“لکھنے کی وجہ بتا دی

کراچی(نیوز ڈیسک )گلو کار طاہر شاہ کا نیا گانا فرشتہ آچکا ہے جو پاکستانیوں کی توجہ حاصل نہیں کر سکا کیونکہ یہ پرانا گانے ”اینجل “کا اردو ورژن ہے،گانے کی ویڈیو میں طاہر شاہ خود جلوہ گر بھی نہیں ہوئے ۔گلوکار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک نوٹ جاری کیا جس میں انہوں نے اپنے گانے ’فرشتہ‘ کے حوالے سے مداحوں کو بتایا۔اس نوٹ کے مطابق بچے فرشتے جیسے ہوتے ہیں، یہ ہماری زندگی کا لازمی جز ہیں، اگر آج ہم ان کی اچھی تربیت کریں گے تو کل ہمیں انہیں دیکھ کر فخر ہوگا۔طاہر شاہ کے مطابق صرف ایک بچہ ہی اس دنیا کی بہتری کی وجہ بن سکتا ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ ’ان بچوں کی وجہ سے ہی زندگی اتنی خوبصورت ہے، اس گانے کا مقصد یہ ہے کہ بچے صرف اپنی مسکراہٹ سے دنیا تبدیل کرسکتے ہیں اور امن لاسکتے ہیں۔طاہر شاہ نے یہ بھی بتایا کہ اس گانے کی ہدایات دینے کے ساتھ ساتھ پروڈکشن بھی انہوں نے خود کی، جبکہ اس گانے کے بول بھی انہوں نے ہی لکھے ہیں۔ان کے مطابق گانے کی کہانی ایک بچے پر ہے جو شہزادہ ہے اور اپنے دوست یونیکارن کے ساتھ ایک فینٹسی دنیا میں چلا جاتا ہے، اس دوران اسے ایک تتلی ملتی ہے جو بعد میں ایک خوبصورت پری بن جاتی ہے جس سے اس بچے کو محبت ہوجاتی ہے۔طاہر شاہ نے یہ بھی انکشاف کیا کہ اس ویڈیو میں موجود بچہ ان کے اپنے بچے سے ملتا جلتا ہے اور انہوں نے اس گانے کو اپنے بیٹے کے نام ہی کیا جبکہ ان کے مطابق ’فرشتہ‘ ان کے مداحوں کے لیے ایک تحفہ ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں