آج سے ٹیلی اسکول نشریات کا آغاز کر دیا: فردوس عاشق

اسلام آباد(نیوز ڈیسک)وزیرِ اعظم عمران خان کی معاونِ خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں لاک ڈاؤن کے باعث اسکول نہ جانے والے بچوں کے لیے آج صبح 8 بجے سے ٹیلی اسکول نشریات کا آغاز کر دیا ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک بیان میں وزیرِ اعظم عمران خان کی معاونِ خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی وبا کے باعث بچوں کا تعلیمی عمل معطل ہے۔انہوں نے بتایا کہ چینل کے ذریعے گھر بیٹھے بچے اور دیگر طالب علم تدریس حاصل کر سکیں گے، نشریات کا دورانیہ صبح 8 سے شام 6 بجے تک ہو گا۔آج صبح آٹھ بجے سے پی ٹی وی نے ٹیلی اسکول نشریات کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔وزارت تعلیم اور اطلاعات کے اشتراک سے شروع یہ منصوبہ عمران خان کے ملک میں تعلیم کے فروغ کے وژن کا مظہر ہے۔ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے بتایا کہ اوّل سے بارہویں جماعت تک کے طلباء اس ٹیلی اسکول نشریات سے مستفید ہو سکیں گے۔انہوں نے مزید بتایا کہ ٹیلی اسکول سے اسکول نہ جانے والے بچے بھی فائدہ اٹھائیں گے، یہ نشریات سیٹلائٹ اور اینٹینا دونوں کے ذریعے دیکھی جاسکیں گی۔وزیرِ اعظم عمران خان کی معاونِ خصوصی کا یہ بھی کہنا ہے کہ دور افتادہ علاقوں کے بچے اور طالب علم اس تدریس سے فائدہ اٹھا سکیں گے

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں