بیرون ممالک کے لیے فضائی آپریشن پھر بند۔۔!! پاکستان نے بندش میں مزید توسیع کر دی

اسلام آباد (نیوز ڈیسک ) بیرون ممالک کیلئے پاکستان کے فضائی آپریشن کی بندش میں مزید توسیع کر دی گئی، پاکستان کا بیرون ملک کیلئے فضائی آپریشن 11اپریل کی رات 12 بجے تک بند رہے گا، سول ایوی ایشن اتھارٹی نے نوٹم جاری کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق سویل ایوی ایشن اتھارٹی نے پاکستان کے فضائی آپریشن کی بندش کے حوالےسے نیا نوٹم جاری کیا ہے۔جاری نوٹم کے مطابق بیرون ممالک کیلئے پاکستان کے فضائی آپریشن کی بندش میں مزید توسیع کر دی گئی ہے، جس کے بعد فضائی آپریشن 11اپریل کی رات 12 بجے تک بند رہے گا۔ تاہم سفارتی اہلکاروں اور کارگو آپریشن کو اس پابندی سے استثناء حاصل ہوگا۔ دوسری جانب حکومت نے قومی ائیر لائنز کو جزوی طور پر فلائٹ آپریشن بحال کرنے کی اجازت دیدی۔بتایا گیا ہے کہ وزیر خارجہ اور وزیر امور ہوابازی کی خصوصی کاوشوں سے وزیر اعظم عمران خان نے پروازوں کی بحالی کی منظوری دی۔جزوی طور پر فلائٹ آپریشن بحال کرنے کا فیصلہ بیرون ممالک پھنسے پاکستانیوں کو واپس لانے کیلئے کیا گیا ہے۔ پہلے مرحلے میں محدود تعداد میں مسافروں کو واپس لایا جائے گا تا کہ این آئی ایچ کی صلاحیت کے مطابق مربوط ٹیسٹنگ کی جا سکے۔ پہلے مرحلے میں کینیڈا اور برطانیہ کے لئے کراچی، لاہور اور اسلام آباد سے پروازیں چلائی جائیں گی۔ ٹورنٹو کے لئے فلائٹ آپریشن 03 اپریل سے بحال ہو گا۔برطانیہ کے لیے فلائٹ آپریشن 04 اپریل سے شروع ہو گا۔ فلائٹ آپریشن بندش کے دوران متاثرہ مسافروں کو ترجیح دی جائے گی۔ تمام پروازیں واپس صرف اسلام آباد ائیر پورٹ پر لینڈ کریں گی۔ پروازیں اترنے کے بعد لائونج میں تمام مسافروں کا ٹیسٹ کیا جائے گا۔ اسلام آباد میں تمام مسافروں کو چھ گھنٹے کے لئے مقامی ہوٹلوں میں رکھا جائے گا جو مسافروں کلیئر ہوں گے ان کو گھر بھیج دیا جائے گا۔متاثرہ مسافروں کو قرنطینہ سینٹر منتقل کیا جائے گا۔ پی آئی اے تمام حفاظتی اقدامات پر سختی سے عمل کرے گی۔ تمام طیاروں میں مکمل طور پر ڈس انفیکشن کی جائے گی۔ پی آئی اے اپنے عملے کی حفاظتی کو یقینی بنانے کے لئے تمام حفاظتی امور پر سختی سے عمل پیرا ہے ۔ ترجمان نے کہا ہے کہ احتیاط کے پیش نظر پی آئی اے ویب سائٹ سے گھر رہ کر شفاف طریقے سے خریداری کو ترجیح دیں ۔تمام مسافروں سے التماس ہے کی سفر سے پہلے ماسک پہن کر آئیں، اس کے بغیر سفر کی اجازت نہیں ہوگی ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں