کابل میں سکھوں کی عبادت گاہ پر حملہ، 25 افراد ہلاک، متعدد زخمی

کابل(نیوز ڈیسک) افغانستان کے دارالحکومت کابل میں سکھوں کی عبادت گاہ پر خود کش حملے ہوا، اس حملے کے نتیجے میں 25 افراد ہلاک اور 10 زخمی ہو گئے۔افغان خبر رساں ادارے کے مطابق دارالحکومت کابل میں واقع سکھوں کی عبادت گاہ کے اندر داخل ہونے کی کوشش میں ناکامی پر ایک حملہ آور نے خود کو زوردار دھماکے سے اُڑا دیا جس کے بعد دیگر مسلح حملہ آور گوردوارے کے اندر داخل ہونے میں کامیاب ہوگئے اور شہریوں کو یرغمال بنالیا۔خودکش حملے کی اطلاع ملتے ہی افغان اور غیر ملکی فوج کے دستے جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور گورد وارے کا محاصرہ کرلیا۔ حملہ آوروں اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان 6 گھنٹے تک گھمسان کی جنگ جاری رہی جس کے دوران مجموعی طور پر 25 افراد ہلاک اور 10 زخمی ہوئے۔گورنر کابل کے ترجمان نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ غیر ملکی فوجیوں نے گوردوارے کے اندر داخل ہوکر یرغمالیوں کو بازیاب کرایا، اس دوران ایک حملہ آور مارا گیا جبکہ دو نے خود کو دھماکے سے اُڑالیا۔ 3 حملہ آوروں کو گرفتار کرنے کا بھی دعویٰ کیا گیا ہے۔ہلاک اور زخمی ہونے والوں کو قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں 4 زخمیوں کی حالت نازک ہونے کے سبب ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔خبر رساں ادارے کے مطابق داعش نے حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے ۔ترجمان طالبان نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سب کے مذہبی مقامات کا احترام کرتے ہیں

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں