0

پاکستان اچھا دوست ہے جس کا دہشتگردی کیخلاف کردار مثبت ہے، امریکی صدر

احمد آباد ، گجرات (نیوزڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارت پہنچتے ہی احمد آباد گجرات میں سب سے بڑے کرکٹ اسٹیڈیم میں نریندر مودی کے سامنے نمستے ٹرمپ ریلی سے خطاب کرکے بھارتیوں کو حیران کردیا ، سامعین میں بے چینی پھیل گئی جبکہ پرجوش نعرے لگانے والے چپ ہوگئے اور سناٹا چھا گیا۔صدر ٹرمپ نے پاکستان کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اچھا دوست ہے جس کا دہشتگردی کیخلاف کردار مثبت ہے ، تعلقات میں بڑی پیشرفت کے آثار دیکھتا ہوں، امید ہے خطے میں کشیدگی کم ہوگی، پاکستان کے ساتھ بہت مثبت انداز میں کام کررہےہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارت ہمارے دلوں میں ایک خصوصی جگہ رکھتا ہے، امریکا ہمیشہ بھارتیوں کا مخلص اور وفا دار دوست رہے گا، سرحدوں کا تحفظ ہر ملک کا حق ہے۔امریکا اور بھارت دہشت گردوں کو روکنے اور ان کے نظریئے سے لڑنے کیلئے پرعزم ہیں، اسی وجہ سے جب سے دفتر سنبھالا ہے میری انتظامیہ پاکستانی سرحد سے آپریٹ ہونے والی دہشت گرد تنظیموں اور عسکریت پسندوں کیخلاف کارروائی کیلئے پاکستان کے ساتھ بہت مثبت انداز میں کام کر رہی ہے۔ساتھ ہی صدر ٹرمپ نے 3؍ ارب ڈالر (تقریباً 470 پاکستان ارب روپے) کے دفاعی معاہدے، خلائی شعبے میں تعاون اور جدید ترین خطرناک ہتھیار دینے کا اعلان کیا جس پر آج (منگل کو) دستخط کئے جائیں گے ۔ ریلی سےخطاب کرتے ہوئے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے کہا کہ بھارت اور امریکاکے تعلقات کی نئی تاریخ رقم کررہے ہیں ۔ ادھر امریکا اور بھارت میں تجارتی سمجھوتے کی بھی تیاریاں جاری ہیں۔ امریکا بھارت دفاع معاہدے کے تحت بھارت اپنی بحریہ کیلئے 24عدد ایم ایچ 60ہیلی کاپٹر جبکہ آرمی کیلئے 6عدد اے ایچ 64ای ہیلی کاپٹر خریدے گا۔ تفصیلات کے مطابق پیر کے روز امریکی صدر ڈونلڈ دو روزہ دورے پر بھارت کے شہر احمد آباد پہنچے جہاں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے ان کا استقبال کیا تھا اور گلدستہ پیش کرتے ہوئے گلے لگایا۔امریکی صدر کے ساتھ انکی اہلیہ میلانیا ٹرمپ، صاحبزادی اور وائٹ ہاؤس کی ایڈوائزر ایوانکا ٹرمپ اور ان کے داماد جیرڈ کشنر تھے۔ ائیرپورٹ سے انہیں مہاتما گاندھی کی رہائش گاہ سابرماتی آشرم لے جایا گیا۔آشرم کے دورے کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ احمد آباد دنیا کے سب سے بڑے کرکٹ اسٹیڈیم پہنچے جہاں ’نمستے ٹرمپ‘ کی تقریب میں شرکت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں