پی آئی سی حملہ کیس: حسان نیازی بڑی مشکل میں پھنس گئے، عدالت سے اہم خبرآگئی

لاہور (ویب ڈیسک) پنجاب حکومت نے پی آئی سی حملہ کیس میں وزیراعظم کے بھانجے حسان نیازی سمیت 8 ملزمان کی ضمانت منسوخی کے لیے لاہور ہائیکورٹ میں اپیل دائر کر دی۔ پنجاب حکومت نے لاہورہائیکورٹ میں دائر اپیل میں موقف اختیار کیا کہ پی آئی سی حملہ کیس میں حسان نیازی سمیت 8 ملزمان نے پی آئی سی ہسپتال پر حملہ کیا، سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا جس کے تمام وڈیو ثبوت موجود ہیں لیکن اس کے باوجود ٹرائل کورٹ نے حقائق کے برعکس ملزمان کی ضمانتیں منطور کر لیں لہذا حسان نیازی سمیت 8 ملزمان کی ضمانتیں منسوخ کی جائیں۔ دوسری جانب زین عباس،علی جاوید،عبدالمجید،مزمل حسین،عابدناز،اسامہ معاذ اور نعیم قمر کی ضمانت منسوخی کی بھی اپیل دائر کی گئی ہے،حکومت پنجاب نے لاہور ہائیکورٹ میں دائر درخواست میں موقف اپنایا کہ ملزمان نے 100 سے زائد وکلا کے ساتھ مل کر پی آئی سی پر حملہ کیا،وکلانے ڈنڈوں اور سوٹوں سے لوگوں کو تشدد کا نشانہ بنایا اور توڑ پھوڑ کی،عدالت نے حقائق کو نظر انداز کرکے ملزمان کی ضمانتیں منظور کیں،پی آئی سی پر حملے سے متعدد مریض جان سے گئے اور ان کا علاج متاثر ہوا، عدالت پی آئی سی حملے کے ملزمان کی ضمانتیں منسوخ کرنے کا حکم دے، سانحہ پی آئی سی میں وزیراعظم عمران خان کے بھانجے حسان نیازی بھی شامل تھے جن پر سوشل میڈیا پر طوفان اٹھنے کے بعد مقدمہ درج کیا گیا اور انکی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے گئے تا ہم وہ روپوش ہو گئے اور بعد ازاں عدالت سے ضمانت کروا لی، ایک سماعت پر عدالت نے ضمانت کی درخواست مسترد کر دی تھی تا ہم اگلی پیشی پر حسان نیازی نے خود پیش ہو کر عدالت سے معافی مانگ لی تھی۔ قبل ازیں چند روز قبل پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی واقعے پر ڈاکٹرز اور وکلا کے درمیان صلح سی سی پی او لاہور کے اجلاس میں ہوئی۔ اجلاس میں وکلا کی نمائندگی سابق وی سی پنجاب بار شاہنواز گجر، لاہور بار کے صدر عاصم چیمہ اور لاہور ہائیکورٹ بار کے صدر حفیظ الرحمن نے کی۔ اجلاس میں پی آئی سی واقعہ میں ملوث ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی جاری رکھنے جبکہ آئندہ ایسے ناخوشگوار واقعات کی روک تھام پر بھی اتفاق کیا گیا۔ پی آئی سی میں مرنیوالوں کے یادگاری چبوترے پر لگی تختی سے وکلا کے خلاف لکھی تحریر ختم کرکے قرآنی آیت ‘’اللہ کی رسی کو مضبوطی سے تھامے رکھو اور آپس میں تفرقہ نہ ڈالو’’ لکھا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں