بچوں سے زیادتی کرنے والوں کو سرعام پھانسی دینے کی سز ا ،مہوش حیات بھی چپ نہ رہ سکیں

کراچی(نیوز ڈیسک)گزشتہ روز وزیرمملکت علی محمدخان کی جانب سے بچوں سے زیادتی کے مجرموںکو سزائے موت دینے کی قرار دادپیش کئے جانے اور پھر اس کی منظور ی نے ملک میں ایک نیا موضوع بحث چھیڑ دیا ہے جس میں دیگر لوگوںکے ساتھ ساتھ شوبز شخصیات بھی ردعمل دے رہی ہیں، تازہ ترین ردعمل صدارتی ایوار ڈ یافتہ اداکارہ مہوش حیات کی جانب سے سامنے آیا ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر دیئے گئے اپنے ردعمل میں مہوش نے کہا ہے کہ ”عجیب سی بات ہے کہ ہمارے بچوں کے ساتھ زیادتی اور ان کے قتل کے کیسز رپورٹ ہورہے ہیں اور ہم کہتے ہیں قصور واروں کو سر عام پھانسی دی جائے، اب جب حکومت ایسا کر رہی ہے تو ہم انسانی حقوق کی خلاف ورزی کے پیچھے چھپ رہے ہیں“۔انہوں نے مزید کہا کہ ’بدقسمتی سے ہمیں معاشرے میں رائج اس روش کو روکنے کے لیے مضبوط عزم کی ضرورت ہے‘۔یاد رہے گزشتہ روز قومی اسمبلی نے ایک قرارداد کی منظوری دی ہے جس میں بچوں سے زیادتی کے مجرموںکو سزادینے کا مطالبہ کیاگیاہے۔ اس قرارداد کی پاکستان پیپلز پارٹی کے علاوہ وفاقی وزیر قانون، انسانی حقوق اور سائنس و ٹیکنالوجی نے بھی مخالفت کی ہے جبکہ سوشل میڈیا پر بھی کئی لوگوں نے اس قانون پر تحفظات کااظہارکیاہے۔خیال رہے کہ اداکارہ مہوش حیات مختلف سماجی معاملات پر اپنی آرا کااظہارکرتی رہتی ہیں اور کئی بار انہیں سوشل میڈیا پر تعریف کے علاوہ تنقید کا سامنا بھی کرنا پڑجاتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں