کیا معین علی پی ایس ایل کھیلنے پاکستان نہیں آ رہے؟ ایسا فیصلہ کر لیا کہ آپ کو بھی حیرت ہو گی

کیپ ٹاؤن (نیوز ڈیسک) انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر معین علی نے ٹیسٹ کرکٹ سے دوری ختم کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے ٹیسٹ سکواڈ میں واپسی کیلئے بات چیت کا فیصلہ کر لیا ہے، مگر اس کا پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے ساتھ کیا تعلق ہے؟معین علی نے گزشتہ برس اگست میں پہلے ایشز ٹیسٹ سے ڈراپ ہونے کے بعد طویل فارمیٹ سے غیرمعینہ مدت کیلئے وقفہ لے لیا تھا جس دوران وہ نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز نہیں کھیل پائے تاہم پروٹیز سے ہی محدود اوورز کے میچز کیلئے وہ انگلش ٹیم کوجوائن کرچکے ہیں۔اب وہ طویل فارمیٹ میں واپسی کیلئے تیار بھی ہیں اور اس سلسلے میں ہیڈ کوچ کرس سلورووڈ اور ٹیسٹ کپتان جو روٹ سے بات چیت کرنے کا فیصلہ بھی کر چکے ہیں مگر دلچسپ بات یہ ہے کہ وہ پی ایس ایل کے پانچویں سیزن کیلئے ملتان سلطانز کا حصہ ہیں جس کے تمام میچز پاکستان میں کھیلے جانے ہیں اور انگلینڈ کی اگلی ٹیسٹ سیریز سری لنکا کیخلاف شیڈول ہے جو پی ایس ایل کیساتھ متصادم ہے۔معین علی یقینا ایک بہترین آل راؤنڈر ہیں اور انگلینڈ ٹیسٹ سکواڈ میں انہیں خوش آمدید کہے جانے کے قوی امکانات بھی ہیں اور اگر ایسا ہو گیا تو پاکستانی شائقین کرکٹ کی خوشی پر پانی پھر سکتا ہے کیونکہ اگر ای سی بی کی سلیکشن کمیٹی نے معین علی کو ٹیسٹ سکواڈ میں شامل کر کے طلب کر لیا تو یقینا آل راؤنڈر بھی قومی فرائض کو ہی ترجیح دیں گے اور ایسے میں ملتان سلطانز ایک اچھے آل راؤنڈر سے محروم ہو سکتی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں