وزیراعظم کا دورہ ملائیشیا ،اب تک کون سے اہم معاہدے ہوچکے ہیں؟ جان کر ہر پاکستانی خوش ہوجائے گا

پتراجایا(نیوز ڈیسک)وزیراعظم عمران خان اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ ملائیشیا کے دورے پر ہیں جہاں کئی شعبوں میں تعاون بڑھانے کے ساتھ کئی ایسے معاہدے بھی ہوئے ہیں جو ہر پاکستانی کیلئے خوشی کا باعث بنیں گے۔وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے ملائیشین ہم منصب کے ساتھ قیدیوں کے تبادلے اور پاکستانی لیبر فورس کی سوشل سکیورٹی سے متعلق معاہدوں پر دستخط کردیئے ہیں۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ وزیراعظم کے دورے سے پاک ملائیشیا تعلقات مزید بہتر ہوئے۔ملائیشیا میں 28ہزار پاکستانی کام کررہے ہیں، خدانخواستہ کوئی پاکستانی فوت ہوا تو اس کے گھر والوں کو پنشن بھجوائی جائے گی۔ایک انٹرویو میں وزیر خارجہ شاہ محمود کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ملائشیا تجارت، سرمایہ کاری، انجنیئرنگ، دفاع سمیت دیگر شعبوں میں تعاون بڑھائیں گے۔ وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے مابین قیدیوں کے تبادلے، پاکستانی لیبر فورس کی سوشل سکیورٹی کے معاہدوں پر دستخط ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا وزیراعظم عمران خان اور ملائیشین ہم منصب مہاتیر محمد کے مابین باہمی تعلقات بڑھانے اور معاشی تعلقات کو سٹریٹجک سطح پر لے جانے کے حوالے سے سے گفتگو ہوئی۔انہوں نے بتایا کہ سال 2018-19 کے دوران ملائشیا سے آنیوالے زرمبادلہ میں 35 فیصد اضافہ ہوا، 1.55 ارب ڈالر پاکستان بھجوائے گئے۔ وزیرخارجہ کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کو کوالالمپور کانفرنس میں شرکت نہ کرنے پر افسوس ہے، پاکستان کے ایک دوست ملک کو مسلم امہ کی تقسیم کا تاثر دیا گیا تھا جو حقائق کے خلاف تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں