امریکا نے پاکستان کو سفر کیلئے خطرناک ممالک کی فہرست سے نکال دیا

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) امریکا نے پاکستان کو سفر کیلئے خطرناک ممالک کی فہرست سے نکال دیا، فیصلہ برطانیہ اور دیگر یورپی ممالک کی جانب سے ٹریول ایڈوائزری نرم کیے جانے کے بعد کیا گیا، پاکستان کی جانب سے فیصلے کا خیرمقدم، اقدام سے تجارتی اور سیاحتی فوائد حاصل ہوں گے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان میں سیاحت کے فروغ اور غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافے کیلئے امریکا سے زبردست خوشخبری آئی ہے۔دفتر خارجہ ذرائع کے مطابق امریکا نے پاکستان کو سفر کیلئے خطرناک ممالک کی فہرست سے نکال دیا ہے۔ امریکا کی جانب سے پاکستان کیلئے ٹریول ایڈوائزری نرم کی گئی ہے جس کے بعد امریکی شہریوں کو بنا کسی خوف و خطر پاکستان جانے کی اجازت ہوگی۔ امریکا کی جانب سے جاری ہونے والی ایڈوائزی میں پاکستان میں سلامتی کی صورتحال بہتر ہونے کا اعتراف کیا گیا ہے۔کچھ روز قبل برطانیہ، فرانس، جرمنی، پرتگال اور کچھ دیگر یورپی ممالک نے بھی پاکستان کیلئے ٹریول ایڈوائزری میں نرمی کر دی تھی۔ جبکہ کچھ اقوام متحدہ نے بھی اپنی ملازمین کیلئے پاکستان کو ایک محفوظ ملک قرار دیا تھا۔ اقوام متحدہ اور یورپی ممالک کی جانب سے ٹریول ایڈوائزری تبدیل کیے جانے کے فیصلوں کو دیکھتے ہوئے امریکا نے بھی پاکستان کیلئے ٹرویل ایڈوائزری تبدیل کی ہے۔ٹریول ایڈوائزری میں تبدیلی کے بعد پاکستان اور امریکا کے درمیان تجارت کے مواقع پیدا ہوں گے اور اس سے پاکستانی معیشت بھی مستحکم ہوگی۔ اس کے علاوہ پاکستان کی سیاحت کو بھی فروغ ملے گا۔ 2015 کے بعد پاکستان کیلئے امریکا کی ٹریول ایڈوائزری میں یہ پہلی اہم تبدیلی ہے۔ اس حوالے سے دفتر خارجہ کی ترجمان عائشہ فاروق نے ردعمل دیتے ہوئے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ نئی امریکی ٹریول ایڈوائزری صحیح سمت میں مثبت قدم ہے۔ پاکستان نے سلامتی کی صورتحال میں بہتری کیلئےانتھک محنت کی اور اہم اقدامات کیے اور اب پاکستان کی کوششوں کو دنیا نے بھی تسلیم کر لیا ہے

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں